امریکہ کے وزیر دفاع ایش کارٹر پیر کو فوج کے کمانڈروں اور عراقی رہنماؤں سے عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ پر بات چیت کے لیے عراق پہنچے۔
ایک اعلیٰ دفاعی عہدیدار نے کہا کہ ’’عراقی ہمیں اپنی ضروریات کے بارے میں آگاہ کرنے سے نہیں شرماتے۔ ہمارے جنرل، ہمارے کرنل، وہ عراقیوں کے ساتھ بیٹھے ہیں۔‘‘
ہفتے کو متحدہ عرب امارات میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کارٹر نے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا
کہ وائٹ ہاؤس ان کی سفارشات منظور کر لے گا۔
کارٹر نے ابو ظہبی کے قریب الظفرہ فضائی اڈے پر کہا تھا کہ ’’ہم اپنی کارروائیوں کا دائرہ بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس میں فضائی اور زمینی کارروائیاں شامل ہوں گی۔ آپ ہم سے زیادہ کی توقع کر سکتے ہیں۔‘‘
امریکہ کی قیادت میں قائم اتحاد اس فضائی اڈے کو داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں کے علاوہ انٹیلی جنس جمع کرنے، فضائی جائزوں اور نگرانی کے لیے استعمال کرتا ہے۔